خبرنامہ پاکستان

صدر مملکت کو نیشنل کمیشن برائے ہیومن ڈویلپمنٹ کی سالانہ رپورٹ پیش

صدر مملکت کو نیشنل کمیشن برائے ہیومن ڈویلپمنٹ کی سالانہ رپورٹ پیش
اسلام آباد:(ملت آن لائن)صدر مملکت ممنون حسین نے نیشنل کمیشن برائے ہیومن ڈویلپمنٹ پر زور دیا ہے کہ طلبہ کی تعداد میں اضافے کے ساتھ اساتذہ کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کیا جائے، تعلیم کے ساتھ مختلف ہنر سکھانے کے پروگرام سے ناخواندہ افراد کو روزگار کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یہ بات نیشنل کمیشن برائے ہیومن ڈویلپمنٹ کی چیئر پرسن رزینہ عالم سے منگل کو ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے نے صدر مملکت کو نیشنل کمیشن برائے ہیومن ڈویلپمنٹ کی سالانہ رپورٹ 2016 ء کی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت،انجینئر محمد بلیغ الرحمان اور دیگراعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کمیشن کے زیر اہتمام تعلیم کے ساتھ مختلف ہنر سکھانے کے پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ناخواندہ افراد کو تعلیم کے ساتھ ہنر مند بنانے سے لوگوں کو روزگار ملے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئرمحمدبلیغ الرحمن نے صدر مملکت کو بتایا کہ ملک میں ہزاروں کی تعداد میں لٹریسی سینٹر فعال کر دیے گئے ہیں۔ صدر ممنون حسین نے کمیشن کی انتظامیہ کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔