خبرنامہ پاکستان

صرف نوازشریف کی نااہلی مسئلہ کا حل نہیں، سراج الحق

صرف نوازشریف کی نااہلی مسئلہ کا حل نہیں، سراج الحق

فیصل آباد:(ملت آن لائن) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ صرف نوازشریف کی نااہلی سےمسئلہ حل نہیں ہوگا، پانامہ اسکینڈل میں دیگر 436 افراد کا بھی احتساب کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نوازشریف نے قوم کو کرپشن کے تحفے دیئے، اب کہتے ہیں کہ عدل کیلئے لڑنا ہے، وہ کہتے ہیں کہ ملک میں انصاف نہیں ہے، اس کا ذمے دار کون ہے؟ نواز شریف نے پاکستان کو ناکام بنانے کی کوشش کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آج نہیں تو کل قبائلی علاقوں کو ان کا حق ضرورملے گا، قبائلی عوام اسلام آباد اور فیصل آباد کے شہریوں جیسا حق مانگ رہے ہیں، کیا خاقان عباسی اتنا بدقسمت ہے کہ وہ قبائلی عوام کو اتنا بڑا حق دینے سے محروم ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ڈاکٹر طاہرالقادری کے مؤقف کے حامی ہیں، سانحہ میں 14 افراد کو دن دہاڑے قتل کیا گیا، آج چپ رہے تو کل ہمارے لوگوں پر بھی حکومت شب خون مارسکتی ہے، حکمران کرتے بھی خود ہیں اور روتے بھی خود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے معیشت سے متعلق قوم کو اندھیرے میں رکھا، گزشتہ عشروں میں اتنے قرضےنہیں لیے گئے،جتنے ڈارصاحب نے3سالوں میں لیے، وہ خود تو چلے گئے ہم پر قرضوں کا بوجھ ڈال دیا۔ سراج الحق نے کہا کہ اب ایک ایف آئی آر درج کرانے کے لیے بھی دھرنا ہوتا ہے، حکمرانوں کا احتساب صرف عدالت نہیں، قوم کو بھی کرنا ہے، ملک پر چند سرمایہ دار اور جاگیرداروں نے قبضہ کررکھا ہے، یہ لوگ پارٹی اور جھنڈے بدلتے ہیں لیکن ان کے رویے نہیں بدلتے۔