خبرنامہ پاکستان

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، الیکشن کمیشن کا عمران خان کو نوٹس

اسلام آباد:(ملت+آئی این پی) الیکشن کمیشن نے ٹیکسلاجلسے میں شرکت کرنے پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے وضاحت طلب کرلی اور نوٹس جاری کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر عمران خان کو نوٹس جاری کردیا ہے، ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری نوٹس کے متن کے مطابق عمران خان کا ٹیکسلا جلسہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے، عمران خان وضاحت کریں کہ منع کرنے کے باجود جلسہ میں کیوں کیا۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان سے 29ستمبر صبح11 بجے تک تحریری وضاحت طلب کرلی ہے۔ الیکشن کمشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی سات ٹیکسلا میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو ریلی اور جلسے میں شرکت سے روکا تھا، الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کیا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ پارٹی بینرز اور میڈیا سے پتہ چلا ہے کہ ٹیکسلا میں آپ ریلی میں شریک ہوںگے، الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق منتخب رکن اسمبلی کو انتخابی مہم میں شرکت کی اجازت نہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کے نوٹس نظر انداز کرکے گذشتہ روز ٹیکسلا جلسے میں شرکت کی، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن بنیادی حق سے محروم نہیں کرسکتا، عمران خان ہر صورت ٹیکسلا جائیں گے۔