اسلام آباد : ضمنی الیکشن کے لیے انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے پینتیس حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ چودہ اکتوبر کو ہوگی۔
تفصیلات کے ضمنی الیکشن کے لیے انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، لاہور، کراچی اوراسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے پینتیس حلقوں میں سیاسی گہما گہمی عروج پر ہے، مہم کے آخری روز نامزد امیدوارعوام سے ووٹ مانگیں گے۔
آج رات 12بجے انتخابی مہم کامقررہ وقت ختم ہوجائے گا، جس کے بعد ووٹ مانگنے ، جلسے جلوسوں اور ریلیاں نکالنے پر پابندی ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے بھی ضمنی الیکشن کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔
قومی اور صوبائی اسمبلیوں کےپینتیس حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ چودہ اکتوبر کوہوگی، قومی اسمبلی کی دس، پنجاب اسمبلی کی بارہ، خیبرپختون خوا اسمبلی کی نو، سندھ اور بلوچستان کی دو دو نشتوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرکارروائی کی جائےگی، مانیٹرنگ ٹیمیں حلقے میں سیاسی مہم پرنظر رکھے ہوئے ہیں۔
خیال رہے لاہور کے حلقہ این اے 131 میں مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق اور تحریک انصاف کے ہمایوں اختر میں مقابلہ ہے۔
این اے 124 لاہور سے پی ٹی آئی کے غلام محی الدین اور مسلم لیگ ن کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی میدان میں ہے۔
کراچی کے حلقہ این اے 243 میں تحریک انصاف کے امیدوار عالمگیر خان کا مقابلہ متحدہ کے عامر ولی الدین کے ساتھ ہوگا۔
راولپنڈی این اے 60 میں مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے سجاد خان اور پی ٹی آئی کی طرف سے شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کے درمیان ہوگا۔