اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ اسٹیشنز کی تفصیلات جاری کردیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 14 اکتوبر کو 35 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں کل 7 ہزار 489 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے ایک ہزار 727 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ 35 حلقوں میں 92 لاکھ، 83 ہزار 74 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے، انتخابات میں 51 ہزار 235 انتخابی عملہ خدمات سر انجام دے گا، پولنگ اسٹیشنز پر امن وامان کی ذمہ داری فوج سنبھالے گی، فوج تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امن وامان کے قیام کیلئے فوج 12 سے 15 اکتوبر تک سیکیورٹی کے معاملات سنبھالے گی۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے 661 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جن میں 16 امیدواروں کے کاغذات مسترد اور 645 کے منظور ہوئے جو کل انتخاب لڑیں گے۔