خبرنامہ پاکستان

ضمنی انتخاب کا نتیجہ انتشارکی سیاست پرطمانچہ ہے: پرویز

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب کا نتیجہ پروپیگنڈے اور انتشار کی سیاست پر زوردار طمانچہ ہے،عوام نے عمران خان کی منفی سیاست کو رد کردیا ، جو لوگ چوہے نہیں مارسکتے وہ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کیسے لائیں گے۔جمعہ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹرپرویزرشید نے کہا کہ ضمنی انتخاب کا نتیجہ پروپیگنڈے اور انتشار کی سیاست پر زوردار طمانچہ ہے، بنوں میں ہاتھ اٹھا کر اور پشاور میں ووٹ ڈال کر عوام نے عمران خان کی منفی سیاست کو رد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پختونخوا کے عوام نے اپنے ووٹ سے وزیراعظم نوازشریف کی صداقت، دیانت اور ترقی کے ایجنڈے پر مہر ثبت کردی ہے۔سینیٹر پرویزرشید نے کہا کہ پشاور کا ضمنی انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کا دل صوبے کے حکمرانوں سے بھر چکا ہے،عوام کو یہ بات سمجھ آگئی ہے کہ جو لوگ چوہے نہیں مارسکتے وہ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کیسے لائیں گے۔(اح)