خبرنامہ پاکستان

طارق فاطمی کیخلاف مقدمہ، بحث کیلئے25 جولائی تک مہلت

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر بحث کیلئے درخواستگزار کے وکیل کو 25 جولائی تک کا وقت دے دیا ۔ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج عطاء ربانی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پولیس کے جمع کرائے گئے جواب پر بحث کے لیے مزید مہلت دی جائے ، آج میری تیاری مکمل نہیں، بحث کے لیے وقت دینے کی استدعا منظور کی جائے ۔ عدالت نے بحث کے لیے وقت دیتے ہوئے سماعت 25 جولائی تک ملتوی کر دی ۔ شہری ارشد بٹ نے طارق فاطمی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے منشور میں طارق فاطمی کا نام سابق سیکرٹری وزات خارجہ کے طور پر درج ہے ، طارق فاطمی زندگی میں کبھی بھی اس عہدے پر فائز نہیں رہے ، ن لیگ کی ایک اور ویب سائٹ پر طارق فاطمی کا نام بطور وزیر خارجہ درج ہے، طارق فاطمی رکن قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ممبر نہیں رہے ۔ ان الزامات کی بنیاد پر طارق فاطمی کیخلاف دھوکہ دہی ، فراڈ اور جعلسازی کا مقدمہ درج کیا جائے ۔