خبرنامہ پاکستان

طبیہ کیس: پولیس نے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کی میڈیکل رپورٹ میں تصدیق ہو گئی ہے۔ میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طیبہ کی کمر اور بائیں ہاتھ پر زخم جلنے کے لگتے ہیں۔ ہاتھ کا زخم انتہائی گہرا ہے مگر ٹھیک ہو رہا ہے۔ کمر کے زخم تقریباً بھر چکے ہیں۔ بچی کی کنپٹی پر ایک سینٹی میٹر لمبا اور ایک سینٹی میٹر چوڑا زخم بھی ٹھیک ہو چکا ہے۔ چہرے اور گردن پر جلنے جبکہ پورے جسم پر چوٹوں کے کئی پرانے نشانات ہیں۔ نفسیاتی ٹیسٹ میں بچی سے والدین کے متعلق سوال کیا گیا تو اس نے نصرت اور اعظم کی طرف اشارہ کیا۔ تاہم والدین کا تعین ڈی این اے ٹیسٹ سے ہی ہو گا۔ ڈی آئی جی کی طرف سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق، ملزمہ ماہین ظفر کیخلاف نامکمل چالان ٹرائل کورٹ میں جمع کرا دیا گیا ہے۔ طیبہ اور اس کے مبینہ والدین 8 جنوری کو تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوئے تو انہیں حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا تھا۔