خبرنامہ پاکستان

طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہوگی

طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہوگی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ آف پاکستان میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت بھی آج ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کرے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پروزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے وکیل کامران مرتضیٰ نے ذاتی وجوہات پرعدالت عظمیٰ سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جس کے بعد عدالت نے سماعت ملتوی کردی تھی۔ وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے 24 فروری کو توہین عدالت کیس میں عبوری تحریری جواب سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرایا تھا۔ طلال چوہدری نے اپنے جواب میں کہا تھا کہ عدالت کی تضحیک نہیں کی، توہین کا سوچ بھی نہیں سکتا، میڈیا نے میرے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا۔ طلال چوہدری نے تحریری جواب میں کہا تھا کہ کبھی دانستہ، غیر دانستہ کوئی عمل نہیں کیا جس سے توہین عدالت ہو۔ انہوں نے اپنے جواب میں کہا تھا کہ نہیں معلوم کس مواد کی بنیاد پرتوہین عدالت کارروائی شروع ہوئی، تفصیلات دی جائیں تاکہ اس کے مطابق جواب دے سکوں۔ وزیرمملکت برائے داخلہ نے جواب میں کہا تھا کہ آرٹیکل 19 ہرشہری کوآزادی رائے کا حق دیتا ہے۔ انہوں نے عدالت سے درخواست ہے توہین عدالت کا نوٹس واپس لے۔