خبرنامہ پاکستان

طویل خشک سردی کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں باران رحمت

لاہور: (ملت+اے پی پی) خشک سردی سے پریشان عوام کیلئے اچھی خبر ، راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، خیبرپختونخوا ، بالائی پنجاب ، فاٹا ، اسلام آباد ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا یہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے ۔ راولپنڈی اسلام آباد میں ہلکی بوندا باندی کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا ہے ، جڑواں شہروں میں آج کم سے کم درجہ حرارت دس جبکہ زیادہ سے زیادہ بائیس ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے ، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ منگل سے جمعرات کے دوران خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، فاٹا، اسلام آباد ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ ، ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ اس دوران مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن ، گلیات ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے ۔ وقفے وقفے سے جاری بارش کی وجہ سے خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں پارہ منفی آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ۔