خبرنامہ پاکستان

طیبہ تشدد کیس، پولیس نے تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی، میڈیکل بورڈ کی رپورٹ جاری

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ تشدد کیس۔ پولیس نے تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی۔ پمز کے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ بھی جاری۔ طیبہ پر تشدد کی تصدیق کر دی گئی۔ سپریم کورٹ کل طیبہ تشدد از خود نوٹس کیس کی سماعت کرے گی۔ اسلام آباد پولیس طیبہ کو والدین سمیت عدالت میں پیش کرے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز کاشف عالم کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ (کل ) بدھ کو عدالت میں پیش کی جائے گی۔طیبہ اس کے والدین اور جج کی اہلیہ ماہین کے بیانات کے علاوہ راضی نامہ اور مجسٹریٹ نشاء اشتیاق کو قلمبند کرایا گیا طیبہ کا ابتدائی بیان بھی رپورٹ کا حصہ ہے۔جبکہ پمز ہسپتال کی میڈیکو لیگل رپورٹ بھی پولیس رپورٹ کے ساتھ سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔پمز کے چار رکنی میڈیکل بورڈ نے جاری کردہ رپورٹ میں طیبہ پر تشدد کی تصدیق کی ۔پمز کی رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج راجہ خرم کے گھر تشدد کا نشانہ بننے والی طیبہ کی دائیں آنکھ کے گرد ڈیڑھ سینٹی میٹر گہرے زخم کے علاوہ چہرے۔ ہاتھوں۔ بازوؤں اور گردن سمیت جسم کے دیگر حصوں پر جلائے جانے اور زخم کے نشان واضح ہیں۔پمز کے چار رکنی بورڈ نے گزشتہ ایم ایل سی رپورٹ کی بھی توثیق کی ہے۔پولیس کا کہنا ہے راضی نامہ کرنے والے اعظم اور کوثر بی بی طیبہ کے حقیقی والدین ہیں۔جنہیں آج بدھ کو سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ تاہم طیبہ کے والدین کی حتمی تصدیق ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ سامنے آنے پر ہی ہو گی۔