خبرنامہ پاکستان

ظہیرعباس نے بھارتی ٹیم سے میچز کی فکر سے آزاد ہونے کا مشورہ دیدیا

ظہیرعباس نے بھارتی ٹیم سے میچز کی فکر سے آزاد ہونے کا مشورہ دیدیا3.
گوجرانوالہ:(ملت آن لائن) آئی سی سی کے سابق صدر ظہیر عباس نے بھارتی ٹیم سے میچز کی فکر سے آزاد ہونے کا مشورہ دیدیا۔ آئی سی سی کے سابق صدراورچیئرمین پنجاب اسپورٹس اکیڈمیز ظہیر عباس کا کہنا ہے پڑوسی ملک سے کھیلے بغیر ہماری کرکٹ کی ترقی کا سفر رک نہیں جائے گا،کرپشن میں ملوث کرکٹرز کو سزائیں دینے کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ ظہیر عباس نے گوجرانوالہ میں اکیڈمی کیلیے اراضی کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے مابین میچز کھیلے جائیں۔
روایتی حریفوں کے مقابلے دنیا بھر میں شائقین کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں لیکن اب بھارتی حکومت کی طرف سے گرین سگنل نہیں مل رہا،اس صورتحال میں بھی ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، اگر بھارتی ٹیم باہمی مقابلوں کیلیے آمادہ نہیں ہوتی تو کرکٹ میں ہماری ترقی کا سفر نہیں رک جائے گا۔ ایک سوال پر ظہیر عباس نے کہا کہ ملکی کرکٹ میں کرپشن ختم ہونے لگی،اس مکروہ دھندے میں ملوث ہونے والوں کو سزائیں بھی مل رہی ہیں، یہ سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔