خبرنامہ پاکستان

عائشہ گلالئی سے ملاقات ہوئی، نہ ہی 50کروڑ کی پیشکش کی، امیر مقام

اسلام آباد(ملت آن لائن) پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما امیر مقام نے کہا ہے کہ ان کی پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنما اور رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ملاقات کا الزامات عائد کرنے والوں پر وہ پچاس کروڑ روپے ہرجانے کو نوٹس بھیجیں گے۔

’پی ٹی آئی نے میری جماعت اور ذات پر الزامات لگائے، مجھے کیا ضرورت پڑی ہے کسی خاتون کو 50 کروڑ روپے دے کر عمران خان کی اخلاقیات کا معاملہ اٹھاؤں‘

امیر مقام نے کہا کہ میرا قائد کہے تو عمران خان کی حکومت ایک ہفتے میں فارغ کر دوں، مجھے کیا ضرورت ہے عمران خان نے تو خود اپنی پارٹی خراب کر دی۔

انہوں نے کہا کہ کہ اپنی چیز صاف نہیں کر سکتے اور دوسروں پر الزام لگاتے ہیں، جسے کہتے تھے چپڑاسی بھرتی نہیں کروں گا اسے وزیر اعظم کا امیداور بنا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی 50 فیصد قیادت خود ان کیخلاف ہے مجھے کچھ کرنے کی ضرورت نہیں رہی، کیا میرے پاس پیسا بنانے کی مشین ہے جو50 کروڑ روپے دے کر عمران کیخلاف مہم چلاؤں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں اتنی گندی زبان نہیں دیکھی جو عمران خان نے شروع کی ہے، آپ نے لوگوں کو بدنام کرنے کا کونسا ٹھیکا لیا ہوا ہے۔

امیر مقام نے کہا کہ سراج الحق صاحب ان کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں، پتا نہیں ان کیساتھ کیا سلوک کریں گے، کبھی کہتے ہیں مولانا فضل الرحمان تیار ہوجاؤ میں آپ کے پیچھے آرہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ الزام لگانے والوں کو نہیں چھوڑوں گا عدالت جاؤں گا، کرپشن خیبر پختونخوا میں ہو رہی ہے وہ تو سب نے دیکھی ہے، تحریک انصاف کے اپنے ارکان کہہ رہے ہیں کہ کرپشن ہورہی ہے، ن لیگ مضبوط قلعے کی طرح ہے ٹوٹ پھوٹ کی شکار نہیں۔