خبرنامہ پاکستان

عابد باکسر دبئی سے کراچی منتقل، کزن علی باکسر نے تصدیق کردی

عابد باکسر دبئی سے کراچی منتقل ، کزن علی باکسر نے تصدیق کر دی

لاہور: (ملت آن لائن) عابد باکسر کو دبئی سے کراچی منتقل کر دیا گیا، کزن علی باکسر نے تصدیق کر دی ۔ عابد باکسر سے تفتیش میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔ خیال رہے کچھ روز قبل سابق انسپکٹر عابد باکسر کو دبئی میں انٹرپول کی مدد سے گرفتار کیا گیا تھا جو لاہور پولیس کو قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ عابد باکسر کو شہرت اس وقت ملی جب اس نے جعلی پولیس مقابلوں میں متعدد افراد کو ٹھکانے لگایا۔ قبضہ گروپوں کی پشت پناہی کرنے اور انڈر ورلڈ کے جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ گہرے مراسم رکھنے کی وجہ سے عابد باکسر نے سیاسی اثر و رسوخ بھی حاصل کیا۔ جعلی مقابلوں میں اپنے سرپرستوں کے مخالفین کو ٹھکانے لگانے کا کام کرنے کے ساتھ ساتھ انسپکٹر عابد باکسر نے شوبز انڈسٹری پر بھی اپنی دھاک جمائی، جس کے بعد لاہور کی شوبز انڈسٹری کے کئی بڑے نام عابد باکسر کی دوستوں کی فہرست میں شامل ہوئے۔ لاہور کی معروف اسٹیج ڈانسر نرگس بھی عابد باکسر کے دوستوں میں شامل ہوئی تھیں، ابتداء میں عابد باکسر اور نرگس کے درمیان دوستی تھی، مگر پھر کسی بات پر اختلافات ہوئے تو اس پولیس افسر نے نرگس کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، حتیٰ کے سر کے بال اور بھنویں تیز دھار آلے سے صاف کردیں، جس کا مقدمہ جوہر ٹائون تھانے میں عابد باکسر اور ساتھیوں کے خلاف 28 مارچ 2002 کو درج ہوا۔ نرگس پر تشدد کے بعد عابد باکسر فلم انڈسٹری کے لیے ایک ڈان کی حیثیت اختیار کر گیا اور انڈسٹری میں کوئی بھی عابد باکسر کے خلاف بولنے کے لیے تیار نہیں تھا۔ عابد باکسر کا ساتھی اور سابق پولیس انسپکٹر نوید سعید 2005ء میں ستوکتلہ میں مخالفین کے ہاتھوں قتل ہوا تھا۔ عابد باکسر کے دیگر قریبی ساتھیوں میں قبضہ گروپوں سے پہچان بنانے والے ملک احسان، گوگی بٹ اور طیفی بٹ شامل ہیں جو مختلف ممالک میں اس کا قیام اور اخراجات برداشت کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عابد باکسر اشتہاری ہونے کے بعد عارضی طور پر یورپ سمیت مختلف ممالک میں قیام پذیر رہا۔ تاہم اس نے مستقل سکونت دبئی میں اپنے دیرینہ ساتھی ملک احسان کے ساتھ ہی رکھی۔