خبرنامہ پاکستان

عابد شیرعلی کاجلاپور بھٹیاں گریڈ اسٹیشن کا دورہ

حافظ آباد (آئی این پی )وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی اچانک جلاپور بھٹیاں گریڈ اسٹیشن پر پہنچ گئے۔فرائض میں غفلت برتنے اور عوامی شکایات پر وزیر مملکت نے سکھیکی سب ڈویژن کے ایس ڈی او سمیت تمام عملہ کو معطل کر دیاجبکہ کرپشن کی شکایات پر جلاپور بھٹیاں کے اسسٹنٹ لائن مین اور چوکیدار کو بھی ملازمت سے فوری معطل کرنے کا حکم دے دیا۔وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی بغیر اطلاع کے اچانک جلاپور بھٹیاں گریڈ اسٹیشن پر پہنچ گئے جہاں وزیر مملکت نے گریڈ اسٹیشن اور شکایات آفس کا دورہ کیا۔ وزیر مملکت کے اچانک دورہ پر واپڈا افسران بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ۔اس موقعہ پر صارفین کی جانب سے کرپشن کی شکایات پر وزیر مملکت نے اسسٹنٹ لائن مین زاہد شاہ اور چوکیدار منیر احمد کو ملازمت سے فوری معطل کرنے کا حکم دیا جبکہ فرائض میں غفلت و لاپرواہی برتنے پر سکھیکی سب ڈویژن کے ایس ڈی او سمیت تمام عملہ کو بھی معطل کر دیا۔وزیر مملکت نے اوور بلنگ کی شکایات پر افسران کی سخت سرزنش کرتے ہوئے بجلی کے بلوں کو فوری طور پر درست کرنے اور آئندہ ایسی کوئی شکایات موصول نہ ہونے کی ہدایت کی ۔وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے لئے نئے پیداواری منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر وہ ملک بھر میں اچانک دورے کر رہے ہیں تاکہ واپڈا ملازمین کی کارکردگی اور عوامی مسائل کو حل کیا جا سکے انکا کہنا تھا کہ پانی و بجلی کے محکمہ کو کرپشن فری بنایا جائیگا انہوں نے تمام افسران اور اہلکاروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لیں اب محکمہ میں صرف وہی رہے گا جو اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دے گا،کرپٹ اور فرائض میں غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت محکمہ کاروائی عمل میں لائی جائیگی اور ایسے ملازمین جو محکمہ کی بدنامی کا باعث بنے گئے انہیں ملازمت سے برخاست کر دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے اپنے تمام اقدامات بروئے کار لارہی ہے تاکہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ جلد سے جلد ممکن بنایا جاسکے اور انشاء اللہ بجلی کی پیداوار کے نئے منصوبے مکمل ہونے پر لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائیگا۔اس موقعہ پروزیر مملکت نے عوامی شکایات کے فوری حل کے لئے افسران کو ہدایات بھی جاری کیں۔