خبرنامہ پاکستان

عاصمہ رانی قتل: ملزم کی گرفتاری کیلیے انٹرپول سے رابطہ

عاصمہ رانی قتل: ملزم کی گرفتاری کیلیے انٹرپول سے رابطہ

خیبر پختونخوا(ملت آن لائن) کی پولیس نے میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل میں ملوث ملزم مجاہد آفریدی کی گرفتاری کے لیے سعودی انٹرپول سے مدد مانگ لی ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سعودی عرب میں انٹرپول سے عاصمہ رانی کے قتل میں ملوث ملزم مجاہد آفریدی کی گرفتاری میں تعاون کی اپیل کی ہے۔
کوہاٹ میں طالبہ عاصمہ کا قتل: چیف جسٹس نے از خود نوٹس لے لیا
ایف آئی اے کی جانب سے انٹرپول کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملزم مجاہد آفریدی کو ڈھونڈ کر گرفتار کرنے اور وطن واپس بھیجنے میں تعاون کیا جائے۔ دوسری جانب پولیس نے مجاہد آفریدی کے گرفتار بھائی صادق آفریدی کو عدالت میں پیش کیا جہاں سے اس کا 3 روزہ ریمانڈ بھی حاصل کیا گیا۔ خیال رہے کہ چند روز قبل کوہاٹ میں تحریک انصاف کے ضلعی صدر آفتاب عالم کے بھتیجے نے رشتے سے انکار پر ایبٹ آباد میڈیکل کالج میں زیر تعلیم ایم بی بی ایس تھرڈ ایئر کی طالبہ عاصمہ رانی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ ملزم مجاہد میڈیکل کالج کی طالبہ کو قتل کرنے کے فوری بعد بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے غیر ملکی پرواز کے ذریعے سعودی عرب فرار ہو گیا تھا۔
عاصمہ رانی قتل کیس: خیبرپختونخوا پولیس کو ملزم کی دھمکیوں کا علم تھا، بہن
دوسری جانب عاصمہ رانی کی بہن نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ مجاہد آفریدی کی جانب سے دھمکیوں کا پولیس حکام اور آفتاب عالم کو علم تھا۔ صفیہ رانی نے آرمی چیف اور چیف جسٹس سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہماری گھر والوں کی جان کو خطرہ ہے اور پولیس نے ملزم کو اس لئے گرفتار نہیں کیا کیونکہ وہ امیر گھرانے سے تعلق رکھتا ہے۔