خبرنامہ پاکستان

‘عاصمہ رانی قتل میں ملوث دو ملزمان گرفتار، مزید نتائج جلد آجائیں گے’

‘عاصمہ رانی قتل میں ملوث دو ملزمان گرفتار، مزید نتائج جلد آجائیں گے’

پشاور: (ملت آن لائن) آئی جی کے پی کے صلاح الدین کا کہنا ہے کہ عاصمہ رانی قتل کیس میں ملوث دو ملزمان بھی پکڑے گئے، مزید نتائج بھی جلد آجائیں گے۔ انہوں نے کوہاٹ کی عاصمہ رانی کے قاتلوں کے بارے انکشافات کئے اور کہا عاصمہ رانی کے قتل میں ملوث ملزم، آلہ قتل اور موٹرسائیکل بھی برآمد ہو گئے ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 25 روز میں خیبرپختونخوا پولیس نے تفتیش میں پیچیدہ مسائل کے علاوہ دیگر مشکلات کا بھی سامنا کیا۔ ان کا کہنا تھا پولیس کو معاشرے کا تعاون درکار ہوتا ہے، تفتیش کی مشکلات کے علاوہ دیگر مشکلات بھی تھیں، تحقیقات کے دوران پولیس کے حوصلے پست بھی ہو جاتے تھے، کبھی کبھی کیس پر منفی اثرات پڑنے کا خدشہ بھی ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کے پی پولیس شہیدوں کی فورس ہے، تمام کیسز کو خلوص نیت کے ساتھ حل کر سکتے ہیں، کے پی پولیس دہشت گردی کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے، 3 سال میں دہشتگردی 73 فیصد کم ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا 3 سال میں اقدام قتل 25 سے کم ہو کر 18 فیصد رہ گئے، بھتہ خوری 78 فیصد کم ہوئی۔