خبرنامہ پاکستان

عالمی اقتصادی بحالی سست روی کا شکار ہے،آئی ایم ایف

واشنگٹن:(اے پی پی)آئی ایم ایف کی سربراہ کا کہنا ہے کہ عالمی اقتصادی بحالی سست روی کا شکار ہے، چین کی کمزور معاشی نمو اور ترقی پذیر ملکوں میں مالی بحران اہم اسباب ہیں۔ عالمی مالیاتی فنڈ کی سربراہ کرسٹینا لگارڈ کا کہنا ہے کہ عالمی معیشت کا ترقی کی جانب بڑھنا خوش آئند ہے، دنیا کو فی الحال کسی بحران کا سامنا نہیں۔ تاہم اجناس کی قیمتوں میں کمی، چین میں معاشی سست روی اور مختلف ممالک میں مالی بحران کے باعث عالمی اقتصادی ترقی کی رفتار بہت سست ہے جس سے اس کی پائیداری کے بارے میں خدشات بڑھ رہے ہیں۔ کرسٹینا لگارڈ نے خبردار کیا کہ رواں سال عالمی اقتصادی ترقی کے لئے لگایا جانے والا تین اعشاریہ چار فیصد کا تخمینہ کم کیا جاسکتا ہے۔