خبرنامہ پاکستان

عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کانوٹس لے: سپیکرقومی اسمبلی

اسلام آباد: (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔ وقت آ گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔ بدھ کو کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منائے جانے والے یوم سیاہ کے موقع پر لندن سے ٹیلی فون پر ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ انہوں نے بھی یہاں لندن میں اپنے بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر کشمیریوں پر مظالم کے خلاف احتجاج میں حصہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے کشمیری عوام پر مظالم کی انتہا کر دی ہے، کشمیریوں کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں جن کی روشنی میں کشمیری عوام کو حق خودارادیت ملنی چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وقت آ گیا ہے کہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کا اقوام متحدہ سمیت ساری عالمی برادری کو سخت نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں قیام کے دوران انہوں نے ہاؤس آف لارڈ کی سپیکر سے ملاقات میں بھی انہوں نے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ میں نے ملاقات میں اس بات پر زور دیا ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے مسئلہ کشمیر پر بھارت کی ٹال مٹول کا سلسلہ جاری ہے، برطانیہ کو گہری دلچسپی لے کر مسئلہ حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سبز ہلالی پرچم لہرانے سے واضح ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں۔ کشمیریوں کی اس خواہش کا احترام کیا جانا چاہیے۔