خبرنامہ پاکستان

عالمی برادری کشمیر میں بھارتی فورسز کا ظلم بند کرائے ۔مولانا فضل الرحمن

لاہور۔10 جولائی(اے پی پی )جمعیت علماء اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جے یو آئی آئین کے نفاذ اور پارلیمانی عمل کے چلنے کی حامی ہے اور یہ نظام چلتا رہے گا ، جے یو آئی جمہوری نظام کیخلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی ،73 ء کا آئین متفقہ دستاویز ہے اس پر حکومت سمیت تمام جماعتو ں کو عمل کرنے کا عہد کر نا چا ہیے، وہ پارٹی راہنماؤں مولانامحمد امجد خان ،حافظ حسین احمد ،حاجی شمس الرحمن شمسی ،مفتی ابرار احمد سے گفتگو کر رہے تھے۔ مولانا نے کہا کہ عالمی دنیا سری نگر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لے، بھارتی فورسزکی فائرنگ سے ہلاکتیں کھلا ظلم اور جبر ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جا ئے وہ کم ہے، کشمیر میں بھارتی فورسز مسلسل ظلم کر رہی ہے لیکن کشمیر ی عوام کے جذبے میں کوئی فرق نہیں آیا ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا خاموشی اختیار کر نے کے بجائے اپنا کردار ادا کر ے اورنہ صرف کشمیر میں بھارتی فورسز کا ظلم بند کرائے بلکہ کشمیری عوام کے مطالبے پر توجہ دے، پارٹی راہنماؤں مولانا سعید یوسف ،مولانا عبد القیوم ہالیجوی ،عبد الرزاق عابد لاکھوسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کاامتیازی رویہ افسوسناک ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیر ی اپنا حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کی خواہش کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پا کستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پا کستان خطے میں امن کیلئے کوشاں ہے، اب خطے کے دیگر ممالک کی بھی ذمے داری ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ دریں اثناء مولانا محمد یوسف ،مولانا فضل علی حقانی،محمد اسلم غوری،سید فضل آغا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حر مین شریفین کا تحفظ امت مسلمہ کا فرض ہے ،انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان حرمین شریفین کی حفاظت ہماری ذمے داری ہے، انہوں نے کہا کہ حرم مدینہ میں دہشت گردی امت مسلمہ کیلئے چیلنج ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے اپنی جان ومال قر بان کر نے کیلئے ہر وقت تیار ہے ۔