اقوام متحدہ:(اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان نے بین الاقوامی تنازعات کو پُر امن طریقوں سے حل کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔طاقتور ممالک کے مفادات پر مبنی زبردستی کے اقدامات کے بجائے تعاون پر مبنی طرز عمل ہمارے اقدامات کیلیے رہنما خطوط فراہم کر سکتا ہے، ریاستوں کی علاقائی وحدت اور خود مختاری کی خلاف ورزیوں کو روکنا اقوام متحدہ کی ذمے داری ہے۔
15رکنی سلامتی کونسل میں اقوام متحدہ چارٹر کے رہنما خطوط پر ہونے والے مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے پاکستان کی طرف سے اقوام متحدہ کے چارٹر سے مکمل وابستگی کا اعادہ کیا، انھوں نے ممالک کی علاقائی سلامتی اور خودمختاری کی خلاف ورزی سے گریز اور خود مختاری کے حوالے سے تمام ممالک سے مساوی سلوک کی ضرورت پر بھی زور دیا۔