خبرنامہ پاکستان

عام انتخابات بروقت ہونے چاہیئے،مشاہد حسین سید

عام انتخابات بروقت ہونے چاہیئے،مشاہد حسین سید
اسلام آباد(ملت آن لائن) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی سینٹ برائے دفاع سینیٹرمشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ سینٹ سے حلقہ بندی بل کی منظوری بروقت انتخابات کے انعقاد میں مدد دے گی۔ بدھ کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کا بروقت انعقاد جمہوری نظام کی مضبوطی میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فاٹا اصلاحات کا بل بھی جلد ہی منظور کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی سینٹ میں بریفنگ نے ملک میں ابھرتی الجھن اور قیاس آرائیوں کا بھی خاتمہ کر دیا ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ آرمی چیف کی ایوان بالا کو بریفنگ کے بعد سول و عسکری تعلقات میں ہم آہنگی کا بھی اضافہ ہوا۔ چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا باقاعدہ انعقاد بھی سول و عسکری تعلقات کی مضبوطی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کی جانب سے پارلیمانی نظام کی حمایت سے جمہوری نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ تمام قومی اداروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی آئینی حدود کے تحت کام کریں۔