خبرنامہ پاکستان

عام انتخابات :بیلٹ پیپرز کی چھپائی، کس کے ذمے

عام انتخابات :بیلٹ پیپرز کی چھپائی، کس کے ذمے
اسلام آباد:(ملت آن لائن) الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات کیلئے واٹر مارکڈ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے حکمت عملی ترتیب دیدی۔ 9 کروڑ 70 لاکھ ووٹر ز کیلئے 19 کروڑ 19 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے، کراچی نیشنل سیکیورٹی پرنٹنگ کمپنی 9 کروڑ 80 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گی، سرکاری چھاپہ خانہ پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن فقط 5 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گا جبکہ 2013 کے عام انتخابات کی طرح آئندہ انتخابا ت کیلئے بھی نجی چھاپہ خانے کی خدمات حاصل کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان پوسٹ فائونڈیشن پریس اسلام آباد سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ نیشنل سکیورٹی پرنٹنگ کمپنی کراچی سندھ ، بلوچستان کے علاوہ بہاولپور ، ملتان ، ساہیوال ، ڈیر ہ غازی خان اور سرگودھا ڈویژن کیلئے مجموعی طور پر 9 کروڑ 80 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گی ،تفصیلات کے مطابق سندھ میں کل ووٹرز کی تعداد 2کروڑ سے زائد ہے جس کیلئے کل 4 کروڑ 12 لاکھ بیلٹ پیپر زچھاپے جائیں گے ، اس طرح بلوچستان میں 37 لاکھ سے زائد ووٹرز کیلئے 74 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے ،ملتان ڈویژن کے مجموعی ووٹرز کی تعداد 61 لاکھ ہے جن کیلئے ایک کروڑ 22 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے ، سا ہیوال ڈویژن میں ووٹر ز کی تعداد 38 لاکھ ہے جن کیلئے 77 لاکھ بیلٹ پیپر چھاپے جائیں گے ، ڈیر ہ غازی خان ڈویژن کے 47 لاکھ ووٹرز کیلئے 94 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے ،سرگودھا ڈویژن کیلئے بھی بیلٹ پیپرز کراچی سے آئیں گے ،جہاں پر 45 لاکھ ووٹرز کی تعداد بتائی جاتی ہے جبکہ بیلٹ پیپرز کی تعداد 90 لاکھ ہوگی، اسی طرح پرنٹنگ کارپوریشن پاکستان اسلام آباد اور لاہور 5 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپیں گی ،گوجرنوالہ ڈویژن کے 89 لاکھ ووٹرز کیلئے 1 کروڑ 79 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے ، فیصل آبادڈویژن کے 73 لاکھ ووٹر کیلئے 1 کروڑ 46 لاکھ بیلٹ پیپرز، لاہور ڈویژن کے 88 لاکھ ووٹرز کیلئے 1 کروڑ 76 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔ اس طرح پرائیویٹ چھاپہ خانے پاکستان پوسٹ فائونڈیشن پریس اسلام آباد سے بھی 4 کروڑ 36 لاکھ بیلٹ پیپرز چھپوانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ، جہاں سے خیبر پختونخوا کے 1 کروڑ 40 لاکھ ووٹرز کیلئے 2 کروڑ 80 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے ، فاٹا کے 21 لاکھ ووٹر زکیلئے 21 لاکھ ہی بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے کیونکہ قبائلیوں کی فقط قومی اسمبلی میں نمائندگی موجودہے ،اسلام آباد کے 6 لاکھ 95 ہزار ووٹرز کیلئے 13 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جائینگے ، اس کے علاوہ راولپنڈی ڈویژن کے 60 لاکھ ووٹرز کیلئے 1 کروڑ 20 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے ،ذرائع نے بتایاہے کہ کراچی نیشنل سکیورٹی پرنٹنگ کمپنی واٹر مارکڈ خصوصی کاغذ بیرون ممالک سے اپنی نگرانی میں درآمد کر یگی جو عام طو رپر پاکستان میں دستیاب نہیں ،تاہم نجی چھاپہ خانے سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی صور ت میں سیاسی جماعتوں کے خدشات سامنے آسکتے ہیں ۔