خبرنامہ پاکستان

عام انتخابات: لوئر دیر میں جماعت اسلامی کو شکست دینا مشکل

خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں ایک عرصہ سے جماعت اسلامی کا مکمل ہولڈ رہا ہے۔ اسی وجہ سے دیر کی تمام نشستوں سے ایم ایم اے کے امیدواروں کا تعلق جماعت اسلامی سے ہی ہے۔

لوئر دیر میں قومی و صوبائی اسمبلی کی 7 نشستیں ہیں۔

این اے 6 پر ایم ایم اے کے امیدوار مولانا اسداللہ کے مقابلے میں عوامی نیشنل پارٹی کے محمد زاہد خان کھڑے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے امجد حسین بھی قسمت آزمائی کر رہے ہیں لیکن اس بات سے سبھی واقف ہیں کہ یہ نسشت جماعت اسلامی ہی جیتے گی جو ابھی ایم ایم اے کا حصہ ہے۔

این اے 7 پر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ایم ایم اے کے ٹکٹ پر امیدوار ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں تحریک انصاف کی جانب سے محمد بشیر خان میدان میں اترے ہیں۔ البتہ یہاں بھی جماعت اسلامی کو شکست دینا بہت مشکل ہے۔

یہاں سے صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھی جماعت اسلامی کے امیدوار ہی منتخب ہوتے آرہے ہیں تاہم پی کے 13 پر ایم ایم اے کے امیدوار شاد نواز خان کو عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ملک محمد زیب کی جانب سے ٹف ٹائم ملے گا۔

پی کے 14 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار بخت بیدار کا ٹاکرا جماعت اسلامی کے ذاکراللہ خان سے ہوگا جو ایک مضبوط امیدوار ہیں۔

پی کے 15 پر ایم ایم اے کے مظفر سید مضبوط ترین امیدوار ہیں۔ ان کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے محمد زیب خان سے ہوگا۔

پی کے 16 پر عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار حاجی بہادر خان، ایم ایم اے کے امیدوار اعزازالملک افکاری کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔

پی کے 17 پر ایم ایم اے کے سعید گل اور پیپلز پارٹی کے محمد مظفر شاہ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔