خبرنامہ پاکستان

عبدالستار ایدھی سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

کراچی: (اے پی پی) بے سہاروں کا سہارا ، پیکر انسانیت ، فخر پاکستان بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ کراچی نیشنل سٹیڈیم میں ادا کر دی گئی ۔ نماز جنازہ میں صدر پاکستان ، تینوں مسلح افواج کے سربراہ ، وزیر اعلیٰ پنجاب ، وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ سمیت ایدھی صاحب سے محبت کرنیوالوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔ ایدھی صاحب کو سلامی بھی پیش کی گئی ۔ خدمت کا ایک عہد تمام ہوا ، دکھی انسانیت کی خدمت کرنیوالا ہم میں نہ رہا ۔ عبدالستار ایدھی کو شاندار طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ ایدھی صاحب کی نماز جنازہ مولانا احمد خان نیازی کی امامت میں نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں صدر ممنون حسین ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، ائیرچیف سہیل امان ، پاک بحریہ کے سربراہ محمد ذکا ءاللہ ، چیئرمین سینیٹ رضاربانی ، وفاقی وزرا ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف ، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ، کور کمانڈ کراچی ، ڈی جی رینجرز بلال اکبر اور سیاسی شخصیات سمیت ایدھی صاحب سے محبت کرنیوالوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ عبدالستار ایدھی کے جسد خاکی کو سخت سیکیورٹی میں قومی پرچم میں لپیٹ کر نیشنل سٹیڈیم پہنچایا گیا ، پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں ۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔ نیشنل سٹیڈیم میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، پاک فوج ، رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے ۔ میٹھا در میں ایدھی صاحب کا آخری دیدار کرایا گیا جہاں بھی ان کے چاہنے والوں کا تانتا بندھا رہا ۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور ایدھی صاحب کو خراج عقیدت پیش کر رہی تھی ۔ عبدالستار ایدھی کو نماز جنازہ کے موقع پر ان کی خدمات کے اعتراف میں توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ بعد ازاں مولانا عبدالستار ایدھی کو ایدھی ولیج میں ان کی اپنی کھودی ہوئی قبر میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ مرحوم کو ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے لحد میں اتارا۔ بابائے خدمت کی وصیت کے مطابق انہیں اسی لباس میں سپرد خاک کیا گیا ہے جو وہ زیب تن کئے ہوئے تھے۔ ان کی تدفین کے بعد پہلے فاتحہ خوانی کی گئی اور پھر صدر پاکستان، وزیر اعظم اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت متعدد اہم شخصیات کی جانب سے ان کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ بعد ازاں آرمی، نیوی، سندھ رینجرز اور سندھ پولیس کی جانب سے بابائے خدمت کی قبر کو سلامی پیش کی گئی۔