خبرنامہ پاکستان

عبدالستار ایدھی پوری انسانیت کیلئے شمع تھے،حکومت پورا اعزاز دے گی،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید

اسلام آباد ۔ 8 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ وہ پوری انسانیت کیلئے شمع تھے اور یہ شمع ان کی زندگی کے بعد بھی روشن رہے گی۔اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے مرحوم کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ حکومت عبدالستار ایدھی کو پورا اعزاز دے گی۔ انہوں نے کہاکہ کوئی اور شخص عبدالستار کی جگہ نہیں لے سکتا جو دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ہر جگہ جاتے، سڑک پر کھڑے ہوجاتے اور اس اعلیٰ نصب العین کیلئے سفر کرنے پر بھی فخر کرتے۔