خبرنامہ پاکستان

عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ کے انتظامات کو حتمی شکل دےدی گئی

کراچی:(آئی این پی) بابائے انسانیت عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ کے انتظامات کو حتمی شکل دے گئی ہے جب کہ اس موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ عبدالستار ایدھی کی میت ایدھی سرد خانے سے میٹھادر میں ان کے گھر منتقل کر دی گئی جہاں ان کے اہل خانہ آخری دیدار کریں گے جس کے بعد مسیحائے انسانیت کی میت کو نماز جنازہ کے لئے نیشنل اسٹیڈیم منتقل کر دیا جائے گا۔ عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ظہر کی نماز کے بعد ادا کی جائے گی جس کے تمام تر انتظامات سندھ حکومت کررہی ہے۔ ایدھی صاحب کی نماز جنازہ سے قبل انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جب کہ سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی 12 ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم کو چیک کیا جب کہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے بھی اسٹیڈیم کی سرچنگ کی گئی۔ ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ میں ایک لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے جب کہ اسٹیڈیم میں 30 ہزار افراد کی گنجائش ہے لہذا نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے افراد 11 بجے تک اسٹیڈیم پہنچ جائیں، تمام شرکاء کو تلاشی لینے کے بعد اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت دی جائے گی۔ بڑی تعداد میں عوام کی شرکت کے باعث نیشنل اسٹیڈیم جانے والے تمام راستے صبح 11 بجے بند کر دیئے جائیں گے جب کہ عوام کے لئے گیٹ نمبر 4، 5، 6 اور 7 مختص کئے گئے ہیں۔ نماز جنازہ میں شرکت کے لئے آنے والوں کی گاڑیاں ایکسپو سینٹر میں پارک کی جائیں گی۔ عبدالستار نماز جنازہ کے موقع پر ہزاروں سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ ایدھی صاحب کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق ایدھی ولیج میں کی جائے گی۔ وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر عبدالستار ایدھی کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔ ایدھی صاحب کے انتقال پر کراچی کی تاجر تنظیموں نے یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے جب کہ انجمن تاجران حیدرآباد نے بھی آج کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج تمام سینما گھر بھی بند رہیں گے جب کہ سینما گھروں پر آویزاں پوسٹرز بھی ڈھانپ دیئے گئے ہیں۔ عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے اپنے والد کی نماز جنازہ پڑھانے کے لئے مفتی منیب الرحمان سے درخواست کی تھی تاہم مفتی منیب الرحمان نے شہر میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے نماز جنازہ پڑھانے سے معذرت کر لی۔ ان کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی نے لاوارث اور محتاج لوگوں کے لئے بے مثال خدمات انجام دیں، جہاں بھی کوئی حادثہ پیش آتا ایدھی صاحب وہاں پہنچ جاتے تھے، ایدھی صاحب کی نماز جنازہ پڑھانے کی درخواست ملی تھی لیکن کل رات ہی ایبٹ آباد پہنچا ہوں اس لئے ظہر تک واپسی ممکن نہیں۔