خبرنامہ پاکستان

عبدالقادر بلوچ وزارت داخلہ کے لئے فیورٹ قرار

مری(ملت آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کے وزرا آج حلف اٹھائیں گے جب کہ کابینہ میں شامل وزرا کے انتخاب کے لئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے۔عبدالقادر بلوچ کو وزارت داخلہ کے لئے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا اجلاس گورنر ہاؤس مری میں جاری ہے جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار، چوہدری نثار، احسن اقبال، پرویز رشید، مہتاب عباسی، حمزہ شہباز اور دیگر پارٹی رہنما شریک ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کی مشاورت پر مضبوط کابینہ بنائے جانے کا امکان ہے جس میں بیشتر وزرا پچھلی کابینہ سے ہی لئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کا شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں شامل ہونے کا امکان نہیں تاہم شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کی صورت میں چوہدری نثار کا وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالقادر بلوچ کو وزارت داخلہ کے لئے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے جب کہ مشیر اور معاون خصوصی میں کئی دوبارہ قلمدان سنبھالیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ خرم دستگیر، رانا تنویر، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور دیگر کو کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی نئی کابینہ کے حوالے سے اپنے مشورے سے لیگی قیادت کو آگاہ کردیا ہے اور ان کی کابینہ میں زیادہ تر سابق وزرا کو ہی شامل کئے جانے کا امکان ہے۔

پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میاں نوازشریف سے بھی ملاقات کی جس میں نوازشریف نے انہیں وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وفاقی کابینہ آج شام ساڑھے 5 بجے ایوان صدر میں حلف اٹھائے گی جہاں صدر مملکت ممنون حسین نئے وزرا سے حلف لیں گے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔