خبرنامہ پاکستان

عدالت کا مقصود کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم

عدالت کا مقصود

عدالت کا مقصود کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم

کراچی:(ملت آن لائن) سٹی کورٹ نے شارع فیصل پر پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان مقصود کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج شرقی احسان خان درانی کی عدالت میں مقصود قتل کیس کی ایف آئی آر درج نہ کرنے کے معاملے پر سماجی رہنما جبران ناصرکی ایس ایچ او شارع فیصل کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت میں مقصود کے والد اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہو گئے۔ درخواست میں کہا گیا کہ مقصود شارع فیصل پولیس کی جانب سے کیے جانے والے مقابلے میں جاں بحق ہوا اور جعلی پولیس مقابلے میں شریک پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا جارہا ہے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ جعلی پولیس مقابلے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
…………………………….
اس خبر کو بھی پڑھیے…امریکا پاکستان کیخلاف کیا کرنے جارہا ہے، سربراہ امریکی انٹیلی جنس

واشنگٹن:(ملت آن لائن) امریکی نیشنل انٹیلی جنس کے سربراہ ڈین کوٹس نے کہا ہے کہ پاکستان تاحال دہشتگردوں کے خلاف نرمی سے پیش آرہا ہے۔ سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے امریکی نیشنل انٹیلی جنس کے سربراہ ڈین کوٹس کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج اگرچہ انسداددہشت گردی کے لیے امریکا سے تعاون کررہی ہے تاہم وہ اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے خلاف نرم رویہ اپنائے ہوئے ہے جب کہ امریکا کی جانب سے بار بار ڈومور کے مطالبے کے باوجود پاک فوج صرف اور صرف حقانی نیٹ ورک اور طالبان جنگجوؤں کے خلاف سختی سے پیش آرہی ہے۔
ڈین کوٹس نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی سرزمین پر موجود دہشت گرد محفوظ ٹھکانوں کا فائدہ اٹھاکر مسلسل بھارت اور افغانستان پر حملے کررہے ہیں جس سے امریکی مفادات کو خطرات درپیش ہیں۔ انٹیلی جنس سربراہ نے کہا کہ امریکا کی جانب سے بار ہا درخواست کے ردعمل میں پاک فوج نے طالبان اور ان سے وابستہ شدت پسند گروپوں کے خلاف سخت کارروائیاں کیں تاہم پاکستان کی جانب سے اب تک جو بھی اقدامات کیے گئے وہ ان دہشت گرد گروپوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے نظر نہیں آتے، اسی بنا پر پاکستانی اقدامات کے دیرپا اثرات مرتب نہیں ہورہے۔ ڈین کوٹس کا کہنا تھا کہ امریکی انٹیلی جنس ایجنٹس اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرکے امریکا سے تعلقات کو بہتر بنائے گا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے امریکا سے تعاون جاری رکھے گا۔