خبرنامہ پاکستان

عراق میں اغوا کاروں نے 28مغویوں میں سے قطری اورپاکستانی شہری کو رہا کردیا

دوحہ (آئی این پی ) قطر کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ عراق میں تقریباً چار ماہ پہلے اغوا ہونے والے قطری شاہی خاندان کے ایک رکن اور ایک پاکستانی کو رہا کر دیا گیا ۔ اغوا کاروں کی جانب سے رہا کیے جانے والے دونوں ان 28 افراد میں شامل تھے جنھیں گذشتہ دسمبر میں مسلح افراد نے سعودی سرحد کے قریب صحرائی علاقے سے اغوا کر لیا تھا۔ اغوا کیے جانے والے افراد وہاں تلور کا شکار کرنے گئے تھے۔ قطر کی وزارتِ خارجہ کے ایک بیان کے مطابق باقی 26 افراد کی بازیابی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ قطری حکومت کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ اغوا ہونے والے افراد میں شاہی خاندان کے کتنے افراد شامل ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا دونوں افراد کی رہائی کے بدلے میں معاوضہ ادا کیا گیا۔حکام کے مطابق دسمبر میں مسلح حملہ آوروں نے شکاریوں کے کیمپ پر حملہ کر کے انھیں اغوا کر لیا تھا۔کیمپ سے نو افراد بھاگنے میں کامیاب ہو گئے تھے اور بعد میں کویت آ گئے تھے۔یہ کیمپ عراقی صوبہ ناصریہ کے دارالحکومت سماوا سے 130 کلومیٹر دور لیہ کے علاقے میں قائم تھا اور یہاں شیعہ مسلمان اکثریت میں ہیں۔اس علاقے میں موسم سرما کے دوران اکثر کئی خلیجی ممالک سے شکاری تلور کے شکار کے لیے آتے ہیں۔عراق کے علاوہ خلیجی ممالک سے شکاری پاکستان، مراکش اور افغانستان کا سفر بھی کرتے ہیں۔