خبرنامہ پاکستان

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو تحقیق کا مرکز بنادیا گیاہے

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو دو سال میں تحقیق کا مرکز اور ماڈل ادارہ بنادیا گیاہے، گذشتہ دو سال میں 9 ریسرچ جرنل شائع کئے اور 13قومی و بین الاقوامی کانفرنسز منعقد کی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے شعبہ فزکس کے زیر اہتمام ’’فرکس اینڈ ایمرجنگ سائنسز‘‘ پر چوتھی قومی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو سال قبل جب وائس چانسلر کے عہدے کا چارج سنبھالا تو مجھے بتایا گیا کہ دو سال سے نہ تو کوئی ریسرچ جرنل شائع ہوا ہے اور نہ ہی ریسرچ کانفرنس منعقد ہوئی تھی۔ لہذا میں نے فوراً اس جانب توجہ دی اور یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر کے فروغ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری کے اوقات کار میں اضافہ کیا گیا ، اس کے ساتھ ساتھ ملک کے 44 شہروں میں قائم یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر کی لائبریریوں کے اوقات کار بھی بڑھا دئیے گئے ہیں اور ان سب لائبریریوں کو یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری کے ساتھ لنک بھی کیا گیا ہے۔ اسی طرح فیکلٹی ممبرز کو ریسرچ کے فروغ کے مشن میں شامل کرنے کے لئے ایک مراعاتی پیکیج بھی متعارف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسرچ کلچر پر توجہ مرکوز کرنے کے نتیجے میں گذشتہ دو سال کے دوران یونیورسٹی نے 9 ریسرچ جرنلز شائع کئے گئے اور 13قومی و بین الاقوامی کانفرنسز منعقد کی گئی ہیں۔ ’’فزکس اینڈ ایمرجنگ سائنسز‘‘ پر چوتھی قومی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کے مقررین نے ریسرچ کے معیار کو بہتر بنانے اور ’’تحقیق کو ملک کی سماجی و اقتصادی مسائل سے منسلک کرنے‘‘ کی جانب سکالرز کو راغب کرنے پر زور دیا۔ کانفرنس یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر کے فروغ کے لئے گذشتہ دو سال سے جاری سرگرمیوں کا حصہ ہے۔ ایم فل فزکس کے طلبہ نے تحقیق کی بنیاد پر اپنے تیارکردہ سائنسی پراجکٹس بھی کانفرنس کے احاطے میں منعقدہ نمائش میں رکھے ہیں۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ریسرچ کے حوالے سے کانفرنسز کے انعقاد اور بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی سلح کے نئے کورسسز متعارف کرنے کی فیکلٹی آف سائنس بطور خاص شعبہ فزکس کی کوششوں کو سراہا۔ کانفرنس کی اختتامی تقریب (آج) جمعہ کو ہو گی۔ کانفرنس میں ریسرچرز اور ماہرین تعلیم کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ و طالبات بھی شریک ہیں۔ افتتاحی اجلاس سے نامور سائنسدانوں ڈاکٹر این اے بٹ، ڈاکٹر ظفر اقبال، ڈاکٹر اصغری مسعود اور ڈاکٹر جاوید خورشیدکے علاوہ اوپن یونیورسٹی کی ڈین فیکلٹی آ ف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نغمانہ رشید اور چئیرمین شعبہ فزکس ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے بھی خطاب کیا۔ شعبہ فزکس کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ دو روزہ کانفرنس کے چار سیشنز ہوں گے جس میں 70مقالے پیش کئے جائیں گے۔