خبرنامہ پاکستان

علیم خان کے جھوٹے حلفیہ بیان پر درخواست دائر کروں گا: ایاز صادق

اسلام آباد ۔(اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے حلقہ این اے 122 سے دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار علیم خان کے خلاف جھوٹے حلفیہ بیان جمع کرانے پر الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کریں گے۔ ہماچل پردیش میں پاک بھارت میچ دیکھنے کا خواہشمند ہوں تاہم انہیں دھرم شالا جانے سے حکام نے منع کر دیا ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ علیم خان کے خلاف جھوٹے حلفیہ بیان جمع کرانے پر علیم خان کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کر کے کارروائی کا مطالبہ کریں گے کیونکہ جھوٹے حلفیہ بیان کی سزا تین سے سات سال ہے۔ حلفیہ بیان پر دستخط کرنے اور جمع کرانے والے کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ بھی پاک بھارت میچ دیکھنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میچ دیکھنے کے لئے وہ دھرم شالا جانا چاہتے تھے۔ انہوں نے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا تو حکام کی جانب سے انہیں منع کر دیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ کو سیکورٹی کی ذمہ داری لینی چاہئے تھی، پاکستان کرکٹ ٹیم کو سیکورٹی ملے تو بھارت بھیجنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میچ کا مقام تبدیل کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت میں میچ ہونے چاہئیں۔