خبرنامہ پاکستان

علی جہانگیرصدیقی کی بطور سفیر تعیناتی کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

علی جہانگیرصدیقی

علی جہانگیرصدیقی کی بطور سفیر تعیناتی کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور:(ملت آن لائن) لاہور ہائی کورٹ نے علی جہانگیرصدیقی کی بطور سفیر تعیناتی کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔ لاہور ہائی کورٹ میں علی جہانگیرصدیقی کی بطور سفیر تعیناتی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے علی جہانگیر صدیقی کی بطور سفیر تعیناتی کے خلاف درخواست پر اعتراض ختم کرکے سماعت کیلئے مقررکردی۔ درخواست گزار نے مؤقف کیا کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر علی جہانگیر کو امریکا میں سفیر تعینات کیا گیا،علی جہانگیر صدیقی کے پاس عہدے کیلئے مقرر تجربہ نہیں۔ دائر درخواست میں کہا گیا کہ علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی سے ملکی مفادات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اور استدعا کی کہ علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کوکالعدم قراردیا جائے۔ یاد رہے کہ 22 مارچ کو امریکا میں نامزد پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نیب کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوئے اور سوالات کے جوابات دیئے۔
نیب کی تفتیشی ٹیم نے علی جہانگیر صدیقی کو ایک سوال نامہ دیا، جس میں ان کی کمپنیوں اور شئیرز کی خریدوفروخت کے حوالے سے 45 سوالات درج ہیں اور کہا گیا کہ دو ہفتے کے اندر ان کے جوابات فراہم کریں۔ علی جہانگیر صدیقی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت میں بے ضابطگی کی، ایزگارڈ نائن میں منی لانڈرنگ اور انسائڈر ٹریڈنگ کا الزام ہے جبکہ ایگری ٹیک شیئرز میں بھی انسائڈرٹریڈنگ کی انکوائری ہو رہی ہے۔ واضح رہے چندروز قبل حکومت پاکستان نے پاکستان میں امریکہ کے سفیر اعزاز چوہدری کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد علی جہانگیرصدیقی کوسفیر نامزد کیا تھا۔ سابق سفیروں نے علی جہانگیر صدیقی کی بطور سفیرِ امریکہ نامزدگی کی مخالفت کی تھی جبکہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے بھی کڑی تنقید کی گئی۔ خیال رہے کہ علی جہانگیر صدیقی ملک کے معروف کاروباری گروپ جے ایس گروپ کے مالک جہانگیر صدیقی کے صاحبزادے ہیں۔