خبرنامہ پاکستان

علی حیدرگیلانی کو آنکھوں سے دیکھیں گے تو تسلی ہوگی: بھائی

ملتان(آئی این پی)علی حیدرگیلانی کے بڑے بھائی سیدعبدالقادر گیلانی نے کہا ہے کہ علی حیدرگیلانی کو آنکھوں سے دیکھیں گے تو تسلی ہوگی۔علی حیدر گیلانی کی بازیابی میں سب سے اہم کردار فوج کا ہے۔ان کی بازیابی کیلئے دعائیں کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید عبدالقادر گیلانی نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں بہت بڑی خوشی دی ہے۔آج 3سال بعد میرے بھائی بازیاب ہوا ہے۔ہم نے ہردن علی حیدرگیلانی کی بازیابی کیلئے دعا کی ۔انہوں نے کہا کہ اللہ کرے یہ خبرسچی ہو ،میرے دل کو اب تک تسلی نہیں ہوئی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کچھ دن میں علی حیدرگیلانی ہمارے ساتھ ہوں گے۔علی حیدرگیلانی کا شاندار استقبال کریں گے۔دوسری طرف گیلانی ہاؤس ملتان کے ترجمان نعیم خان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی خبر بہت ہی خوشی کا باعث ہے لیکن ہم ابھی کسی قسم کا کوئی اعلان نہیں کریں گے ۔ علی حیدر گیلانی تاحال غیر ملکی فورسز کی تحویل میں ہیں اور جب تک وہ ہماری فورسز کے پاس نہیں آتے تب تک تسلی نہیں ہوگی۔ ترجمان گیلانی ہاوس نے مزید کہا کہ جب تک ہمیں آئی ایس پی آر علی حیدر گیلانی کی بازیابی کنفرم نہیں کرتا اس وقت تک ہم خاموش رہیں گے ۔