خبرنامہ پاکستان

علی رضا عابدی کا ایم کیو ایم پاکستان چھوڑنے کا اعلان

علی رضا عابدی کا ایم کیو ایم پاکستان چھوڑنے کا اعلان
کراچی(ملت آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے پارٹی چھوڑنے اور قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سر زمین پارٹی کے مرکزی قائدین کے درمیان ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی نے اگلا انتخاب ایک پارٹی اور ایک منشور کے تحت لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

عراق کے شہر کربلا میں موجود علی رضا عابدی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ایم کیو ایم پاکستان چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 250 سے بھی مستعفی ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ سیاست نہیں ہے جس پر میں یقین رکھتا ہوں اور جس کے لیے کھڑا ہوا ہوں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عامر خان نے اپنی پارٹی کی پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ مفاہمت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

عامر خان اس وقت عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں سے وہ کل وطن واپس پہنچیں گے۔

عامر خان نے کہا کہ جو صورتحال سامنےآئی ہے اس پرتشویش ہے۔ ’کل رات عمرے سے وطن واپس پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لوں گا۔‘