خبرنامہ پاکستان

عمران اسماعیل آج گورنرسندھ کےعہدے کا حلف اٹھائیں گے

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کی حلف برداری کی تقریب آج شام گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگی۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ عمران اسماعیل سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے، وہ سندھ کے 33 ویں گورنرہوں گے۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی کابینہ کے ارکان، تحریک انصاف کے کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے ارکان صوبائی اسمبلی کو مدعو کیا گیا ہے۔

نامزد گورنرعمران اسماعیل کے اہل خانہ، عزیزواقارب، سرکاری افسران سمیت دیگر اہم شخصیات تقریب میں شریک ہوں گے۔ عمران اسماعیل گورنرکی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد 28 اگست کی صبح 10 بجے مزار قائد پرحاضری دیں گے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 24 اگست کوعمران اسماعیل کو گورنرسندھ مقررکردیا تھا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھا۔ رواں ماہ 11 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گورنرسندھ کے لیے عمران اسماعیل کے نام کی منظوری دی تھی۔