خبرنامہ پاکستان

عمران خان الزامات کی سیاست کے بجائے خیبرکی تعمیرو ترقی پر توجہ دیں:برجیس طاہر

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ عمران خان نے الزامات کی سیاست کو اپنا طرہ امتیاز بنا رکھا ہے اور بغیر کسی ثبوت کے دوسروں پر الزامات لگا کر وہ صرف اورصرف اپنا اور اپنی سیاسی جماعت کی جگ ہنسائی کا سبب بن رہے ہیں ۔وہ اسلام آباد میں ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی دھرنا سیاست کے دورکے بے بنیاد الزامات کا نتیجہ پوری قوم کے سامنے ہے اورعمران خان کے نئے دھرنوں اورجلسوں کابھی یہی نتیجہ نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے عمران خان کے اس طرز سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور اس کا واضح ثبوت گزشتہ ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج ہیں اور مزید یہ کہ اُن کی سیاسی نا بالغی کا اب یہ نتیجہ نکل رہا ہے کہ الیکشن کے دن اُن کے اُمیدوار پارٹی چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں اور دوسری پارٹیوں کا رخ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان اور ان کی جماعت اپنی رہی سہی ساکھ کو بچانا چاہتے ہیں تو انہیں خیبرپختونخوامیں تعمیری کاموں پر توجہ صرف کرنی چاہیے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ پچھلے چند عرصہ سے دُنیا کے متعدد بین الاقوامی مستند ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کے ضمن بڑی مثبت رپورٹس دے رہے ہیں اور ان اداروں نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان اگر ان پالیسیوں پر مستقل مزاجی سے گامزن رہا تو اس کو خطے کا مضبوط ترین ملک بننے سے کوئی نہ روک سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ان رپورٹس سے سیاسی مخالفین کی آنکھیں کھل جانی چاہیں اور یہ رپورٹس حکومت کی بہترین کارکردگی کابھی واضح ثبوت ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت 2018 ء تک ملک سے بجلی و گیس بحران کا مکمل خاتمہ کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر آنے والاسال انشاء اللہ پچھلے سال کی بانسبت زیادہ خوشحال اورپرُامن ثابت ہو گا اور مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنے قائد محمد نواز شریف کی سربراہی میں اور اُن کے وژن کے عین مطابق پاکستان کوخطے کا مضبوط ترین معاشی طاقت بنانے کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔