خبرنامہ پاکستان

عمران خان پارلیمنٹ کو ہی گالیاں دینے لگ گئے،حاجی غلام احمد بلور

عمران خان پارلیمنٹ کو ہی

عمران خان پارلیمنٹ کو ہی گالیاں دینے لگ گئے،حاجی غلام احمد بلور

اسلام آباد(ملت آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ شیخ رشید پارلیمنٹ کے ہوتے ہوئے کبھی وزیر نہیں بن سکتا‘ عمران خان خود کو بڑا لیڈر کہتے ہیں انہیں گالیاں نہیں دینی چاہئیں تھیں‘ بڑے سیاستدان کو سوچ کر بات کرنی چاہیے‘ ماڈل ٹاؤن واقعہ کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے جن جن لوگوں نے جلسے میں تقاریر کیں انہوں نے توہین عدالت کی ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ شیخ رشید نے جب سے مارشل لاء کی نوکری کی ہے ان کی طبیعت میں فتور آگیا ہے حالانکہ وہ ایک اچھے سیاسی کارکن تھے۔ ان کی پارلیمنٹ سے محبت نہیں ہے وہ یہ چاہتے ہیں کہ یہاں مارشل لاء لگے اور وہ وزیر بنیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کو بڑا لیڈر کہتے ہیں انہیں تو گالیاں نہیں دینی چاہئیں تھیں۔ جس پارلیمنٹ کے وہ رکن منتخب ہوئے اسے ہی گالیاں دے رہے ہیں۔ بڑے سیاستدان کو سوچ کر بات کرنی چاہیے۔وہ کسی اور ادارے پر لعنت نہیں بھیجتے پارلیمنٹ پر اس لئے لعنت بھیجی ہے کیونکہ یہ کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن جن لوگوں نے گزشتہ روز تقاریر کی ہیں انہوں نے عدلیہ پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے کیونکہ وہ کیس عدلیہ میں زیر سماعت ہے۔ تحریک استحقاق کے ذریعے ان کو یہاں طلب کرکے معافی منگوائی جائے اور یہ معافی مانگ بھی لیں گے۔