خبرنامہ پاکستان

عمران خان جلد اڈیالہ جیل میں ہوں گے، آصف کرمانی

اسلام آباد(ملت آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ اب عمران خان اور ہمارا مقابلہ ہوگا، وہ اڈیالہ جیل میں ہوں گے اور ماضی کا ایک قصہ بن جائیں گے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے آصف کرمانی نے کہا کہ نواز شریف کےخلاف کرپشن اور کک بیک کا کوئی الزام بھی ثابت نہیں ہوا، ہم نے تحفظات کے باوجود برداشت اور حوصلے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کیا اور کرتے رہیں گے،یقین دلاتا ہوں کہ نواز شریف ایک بار پھر عوام میں سرخرو ہوں گے لیکن کیا عمران خان نے اپنے بچوں کے اثاثے اور آف شور کمپنیاں ڈکلیئر کی ہیں۔ شہباز شریف اور شاہد خاقان کا فیصلہ پارٹی کی مشاورت سے کیاگیاہے اور تحریک انصاف کہتی ہے کہ شہباز شریف اور شاہد خاقان کو بھی نہیں چھوڑیں گے، اب عمران خان اور ہمارا مقابلہ ہوگا، انہیں پاکستان سے بھاگنے نہیں دیں گے، وہ اڈیالہ جیل میں ہوں گے اور ماضی کا ایک قصہ بن جائیں گے۔

اس سے قبل حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کے سامنے نہ صرف اپنے اثاثے چھپائے بلکہ جھوٹ بھی بولا ہے ،اس کے علاوہ الیکشن کمیشن میں آف شور کمپنی اور فلیٹس بھی ظاہر نہیں کیے،عمران خان سازش کا حصہ ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب ان کی سازش بے نقاب ہوگی، عمران خان نے خود اعتراف کیا ہے کہ بنی گالا کی منی ٹریل ان کے پاس نہیں پھر وہ کس منہ سے نواز شریف پر الزام لگارہے ہیں۔حنیف عباسی نے کہا عمران خان مسلم لیگ ن کی حکومت پر سوالات اٹھارہے ہیں کیا خیبرپختونخوا میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں ، عمران خان نےگزشتہ روز اسلام آباد میں جو اپنا بھاشن دیا اس کے بعد وہ کھل کر سب کے سامنے آگئے ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے عمران خان کے بارے میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ٹیکس چوری کی ہے، انہوں نے 2012،13 کے انتخابات میں نیازی سروسز سے متعلق کچھ بھی نہیں بتایا جبکہ اس کمپنی میں لاکھوں روپے پڑے ہیں، عمران خان کے اثاثوں میں واضح تضاد موجود ہے جس سے صاف ظاہر ہے کہ انہوں نے ٹیکس چوری کی ہے لہٰذا اب وہ صادق اور امین نہیں رہے۔

انہوں نے مزید کہا عمران خان نے خود اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے کرکٹ سے جو پیسے کمائے اس سے گھر کا خرچہ بھی نہیں چلتا تھا پھر ان کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی ، اگر انصاف کرنا ہے تو سب سے پہلے عمران خان سے شروع کیا جائے اور عمران خان نے الیکشن کمیشن میں اپنے جن اثاثوں کا ذکر نہیں کیا ان کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔

دانیال عزیز نے کہا جن 5 حلقوں میں عمران خان نے الیکشن لڑا الیکشن کمیشن وہاں کا ریکارڈ منگوائے کیونکہ ن لیگ کے تمام رہنماؤں نے مکمل دستاویزات اثاثہ جات کی تفصیل کے ساتھ جمع کرائی تھیں جبکہ عمران خان نے اپنے اثاثے ظاہر نہیں کے ہیں۔