خبرنامہ پاکستان

عمران خان جہانگیرترین؛ ریفرنسز کی سماعت 26دسمبر کو ہوگی

اسلام آبا؛ (ملت+اے پی پی)الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف بھجوائے جانے والے نااہلی ریفرنسز کی سماعت 26دسمبر کو ہوگی جبکہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری جہانگیرترین کے خلاف نااہلی کی درخواست کی سماعت بھی اسی روز ہو گی ۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی صدارت میں 5رکنی بینچ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری اور دیگر 6اراکین کی عمران خان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 63کے تحت سپیکر قومی اسملبی کی جانب سے بھجوائے جانے والے ریفرنس کی سماعت کرے گا۔ رانا طلال اور دیگر کی جانب سے محمد اکرم شیخ جبکہ عمران خان کی جانب سے نعیم بخاری کیس کی پیروی کریں گے ۔کیس میں الیکشن کمیشن کے بینچ نے جواب اور دلائل مانگے ہیں جبکہ اسی طرح یہی پانچ رکنی بینچ تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری جہانگیر خان ترین کے خلاف محمد خان ڈاہا اور دیگر چار ارکان کی جانب سے دائر نااہلی کے ریفرنس کی سماعت کرے گا۔ محمد خان ڈاہااور دیگر کے وکیل محمد اکرم شیخ جبکہ جہانگیر خان ترین کے وکیل سکندر بشیر ایڈووکیٹ پیش ہوں گے۔ بینچ نے ان سے جواب طلب کیا ہے۔