خبرنامہ پاکستان

عمران خان نے آج پھر خود کو قانون سے بچانے کی کوشش کی، اکبر ایس بابر

اسلام آباد(ملت آن لائن)تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج پھر خود کو قانون سے بچانے کی کوشش کی اور وہ صرف اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔

الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی غیرملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں آج ہمیں ایک اور بڑی کامیابی ملی جب کہ عمران خان نے آج پھر خود کو قانون سے بچانے کی کوشش کی۔

اکبر ایس بابر نے چیرمین تحریک انصاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ نے قوم سے جھوٹ بولا کہ کرپشن کے خلاف ہوں، کیا آپ نے جنرل حامد خان کو احتساب کمیشن سے ہٹنے پر مجبور کیا اور کیا آپ نے یہ وعدہ نہیں کیا تھا کہ کالی بھیڑوں کو پارٹی میں قبول نہیں کروں گا لیکن آج خود کرپٹ لوگوں کی پذیرائی کر رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے منحرف رہنما نے کہا کہ بینک آف خیبر میں اقربا پروری کو فروغ دیا جا رہا ہے جب کہ عمران خان آپ نے اپنے د وست راشد کو بینک آف خیبر میں ڈائریکٹر لگایا۔

اکبر ایس بابر نے تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی خواتین نے ای میلز میں نعیم الحق کی شکایات کیں جب کہ زہرہ آپا شہید کی ای میل میں بھی نعیم الحق کے کردار پر الزامات لگائے گئے۔