خبرنامہ پاکستان

عمران خان نے روٹھے رہنما کو منا لیا

عمران خان نے روٹھے رہنما کو منا لیا
لاہور:(ملت آن لائن) سینئر سیاستدان سردار آصف علی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اہم اعلان انہوں نے عمران خان اور پارٹی رہنماؤں سے اہم ملاقات کے بعد کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے ہمراہ سردار آصف علی سے ملاقات کرنے والوں میں جہانگیر ترین، شفقت محمود اور عبدالعلیم خان سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔ ملاقات کے بعد سردار آصف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سردار صاحب کو پی ٹی آئی میں پھر سے خوش آمدید کہتا ہوں۔ پہلے کچھ غلط فہمیاں ہوئیں کیونکہ پارٹی ارتقا کے عمل میں تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اب پاکستان کی سیاست نئی سیاست بننے جا رہی ہے۔ پہلے تھا کہ اقتدار میں آؤ، فائدہ اٹھاؤ اور ایک سے تیس فیکٹریاں بناؤ لیکن اب یہ پرانی سیاست نہیں چلے گی۔ شریف خاندان نے ملکی ادارے تباہ کر دیے۔ کرپٹ مافیاز نے منی لانڈرنگ میں ان کا ساتھ دیا۔ اب سیاست یہ ہے کہ جو بھی تحریک انصاف میں شرکت کرے گا، وہ اپنے لئے نہیں پاکستان کیلئے کھیلے گا۔ ہم قائدِاعظم کا پاکستان بنائیں گے، جس میں ادارے مضبوط ہوں گے اور شخصیات اداروں کے نیچے ہوں گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار آصف علی نے کہا کہ تحریک انصاف نے ڈوبتے ہوئے پاکستان کو بچایا۔ یہ کہنے میں بے پناہ خوشی ہے کہ خان صاحب نے مجھے دوبارہ تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دی، اس لمحے کے بعد میں تحریک انصاف میں شامل ہو چکا ہوں۔ اب میں پی ٹی آئی کا ادنیٰ کارکن بن کر عوام کی خدمت کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چار سال قبل بھی تحریک انصاف میں گیا تھا لیکن کچھ غلط فہمیوں کی وجہ سے پارٹی سے دور ہو گیا لیکن ان چار سالوں میں کسی اور پارٹی میں نہیں گیا۔ سردار آصف علی نے کہا کہ عمران خان ہی واحد لیڈر ہیں جن کے دامن پر کوئی داغ دھبہ نہیں ہے۔ دیگر سیاستدان جو ملک کو لوٹتے رہے، وہ عمران خان کی وجہ سے رو رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا؟ ۔ انہوں نے کہا کہ حدیبیہ کا بھی فیصلہ آنے والا ہے۔ اب ان کا مقدر صرف اڈیالہ جیل ہے۔