خبرنامہ پاکستان

عمران خان پنجاب ہاؤس میں وزیراعلیٰ کی اینکسی میں رہیں گے: نعیم الحق

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہےکہ وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان پنجاب ہاؤس میں وزیراعلیٰ کی اینکسی میں رہیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے بتایا کہ عمران خان کے کہنے پر پنجاب ہاؤس کا دورہ کیا، عمران خان پنجاب ہاؤس میں وزیراعلیٰ کی اینکسی میں رہیں گے اور ویک اینڈ پراپنی رہائش گاہ چلیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ این اے 131 کی دوبارہ گنتی ہو تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں تھا، ہمارے پانچ لوگ گنتی کے لیے تیار تھے، باقی چارحلقوں کا معاملہ بھی کل تک حل ہوجائے گا جب کہ احتجاج کرنے والے چاہیں تو ہماری حکومت تعاون کرنے کو تیارہےْ

نعیم الحق کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن کا نظام انتہائی ناقص ہے، اس میں تبدیلی کی ضرورت ہے ہم اسے بہتر بنائیں گے تاکہ انتخابات آسان طریقے سے ہوں اور کسی کو شکایت نہ ہو۔

واضح رہےکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انتخابات میں واضح اکثریت ملنے کے بعد پہلے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ وہ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں قیام نہیں کریں گے۔