خبرنامہ پاکستان

عمران خان پہلےبھی مٹھائی کےشوق میں چھوارے کھاکرچلےگئے، پرویز

اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان نے حکومت مخالف تحریک کا اعلان بہت غلط وقت پر کیا وہ پچھلی بار مٹھائی کھانے کے شوق میں چھوارے کھاکر ناکام واپس گئے اور اب کی بار بھی ایسا ہی ہوگا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات سینیٹر پرویزرشید نے کہا کہ عمران خان نے حکومت مخالف تحریک کا اعلان بہت غلط وقت پر کیا ،انہوں نے حکومت کے خلاف گزشتہ برس اگست میں بھی تحریک شروع کی تھی اور مٹھائی کھانے کے شوق میں سڑکوں پر نکلے تھے لیکن چھوارے کھا کر ناکام اور نامراد بنی گالا واپس جانا پڑا جب کہ اس بار بھی وہ ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تحریک کے حوالے سے خورشید شاہ کا بیان اور تبصرہ ہی کافی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کیا اور وزیر اعظم نواز شریف نے کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی اٹھایا، حکومت بھارتی مظالم کو اجاگر کرکے قومی فریضے کو ادا کررہی ہے اور پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ پرویز رشید نے کہا کہ آزاد کشمیرمیں شفاف اورمنصفانہ ماحول میں انتخابات ہوئے اور کسی نے کوئی سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے، عوام نے بھی آزادانہ طور پر اپنی قیادت کے انتخاب کے لیے حق رائے دہی استعمال کیا، اب کشمیری جسے ووٹ دیں اسے تسلیم کریں گے اور منتخب ہونے والا نمائندہ ہمارے سر کا تاج ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کراچی کے حوالے سے کہنا تھا کہ کراچی میں امن قائم رکھنے کے لیے تمام جماعتوں سے مشاورت کی، شہر قائد میں امن قائم کرنے میں فورسز نے بہت سی قربانیاں پیش کیں لیکن رینجرز کے سندھ میں قیام سے متعلق وفاقی چوہدری نثار اپنا کردار ادا کرر ہے ہیں اور اب بھی امن کی کوششوں کو اتفاق رائے سے جاری رکھا جائے گا۔