خبرنامہ پاکستان

عمران خان کا 26 اپریل سے سندھ میں کرپشن مخالف تحریک شروع کرنیکا اعلان

اسلام آباد:(آئی این پی)عمران خان نے سونامی کا رخ سندھ کی طرف موڑ دیا ، چھبیس اپریل کو سندھ سے کرپشن مخالف تحریک شروع کریں گے جبکہ اگلے اتوار لاہور میں جلسے کا اعلان کر دیا ، کہتے ہیں میاں صاحب ماضی میں تو بچتے رہے ، اب جواب دینا ہی پڑے گا ، پاناما کا نام لیتے ہی رائے ونڈ میں تہلکہ مچ جاتا ہے ، مطلوبہ کمیشن نہ بنا تو قوم سڑکوں پر آجائے گی ۔ پی ٹی آئی کی بیسویں سالگرہ ، اسلام آباد میں سیاسی میچ کپتان جلال میں آئے اور مخالفین کو تنقید کے چوکے مارے ، چھکے بھی خوب لگائے ۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے پاناما لیکس کو ہدف بنایا ، کمیشن کا مطالبہ بھی دہرایا ۔ عمران خان کا کہنا تھا خود ٹیکس چوری کرنیوالے منی لانڈرنگ کیسے روکیں گے ، قوم مقروض ہے تو قصور اس کا نہیں کرپٹ لیڈروں کا ہے ۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا وزیر اعظم ماضی کے سکینڈلز سے تو بچ گئے اب جواب دینا ہی ہوگا ۔ عمران خان نے چھبیس اپریل کو سندھ سے کرپشن مخالف تحریک اور اتوار کو لاہور میں جلسے کا اعلان کیا ۔ کپتان نے بڑے سیاسی میچ سے پہلے کھلاڑیوں کو ٹپس دیدیں ۔ سیاسی تجزیہ کاروں کو یقین جیسے جیسے گرمی بڑھے گی سیاسی پارہ بھی ہائی ہوتا چلا جائے گا ۔