خبرنامہ پاکستان

عمران خان کو ملکی ترقی کے منصوبے پسند نہیں:رانا تنویر

اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے مسئلہ پر اپوزیشن کے متفق ہو نے پر کمیشن تشکیل دے دیا جائے گا، عمران خان شروع دن سے دھرنوں کی سیاست کر رہے ہیں، انہیں ملکی ترقی کے منصوبے پسند نہیں، جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے پانامہ لیکس پر شورشرابہ کیا حکومت نے اس مسئلہ پر پہلے سے کلیئر کہہ دیا ہے کہ کمیشن بنایا جائے گا جبکہ وزیراعظم نے خود کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں کسی ایک نقطہ پر متفق ہوجائیں اگر انہوں نے سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیشن بنانا ہے ، ایف آئی اے سے تحقیقات کرانی ہیں، فرانزک آڈٹ کے ذریعہ تحقیقات کرانی ہیں تو حکومت تیار ہے پہلے اس مسئلے پر اپوزیشن متفق ہو جائیں تو پھر حکومت اس حوالے سے فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم علاج کی غرض سے لندن گئے ہیں آئندہ ہفتہ وطن واپس آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کے بحران پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، بڑی تیزی سے توانائی کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ اگر 2016ء میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم نہ ہوئی تو 2018ء کے عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت دوبارہ آئے گی جس کی وجہ سے عمران خان زیادہ شورشرابہ کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ عمران خان کو ملکی ترقی کے منصوبے پسند نہیں جبکہ حکومت کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ان کی وزیراعظم بننے کی خوواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم سے ملنے لندن نہیں جا رہے بلکہ شوکت خانم کے لئے فنڈز اکٹھا کرنے جا رہے ہیں۔