خبرنامہ پاکستان

عمران خان کی تیسری شادی، ترجمان تحریک انصاف کی تردید

اسلام آباد:(اے پی پی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی شادی کی خبریں ایک مرتبہ پھر سرگرم ہوگئیں جب کہ ترجمان تحریک انصاف نے شادی کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ان دنوں لندن میں موجود ہیں جب کہ ان کی تیسری شادی کی خبریں گردش کر رہی ہیں تاہم ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق کا کہنا ہے کہ عمران خان کی شادی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، ان کی شادی کی خبریں بے بنیاد ہیں اور عمران خان کی شادی کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیئے۔ عمران خان نے بھارتی اخبار کو دیئے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں تیسری شادی کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور اب افواہیں گردش کررہی ہیں کہ انہوں نے پاکپتن کی مانیکا فیملی میں سے کسی خاتون سے شادی کا ارادہ کیا ہے تاہم ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ عمران خان نے اپنی شادی کی تمام تر ذمہ داری اپنی بہنوں کو سونپ رکھی ہے اور اگر ایسی کوئی اطلاع ہوئی تومیڈیا کو اس حوالے سے آگاہ کیا جائے گا تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکپتن کی مانیکا فیملی کے ساتھ عمران خان کی روحانی وابستگی ہے۔ خاندانی ذرائع نے بھی عمران خان کی شادی کی خبروں کی باقائدہ تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے لیے کوئی لڑکی نہیں دیکھی ہے اور نہ ہی شادی طے کی ہے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ریحام خان کی شادی 2015 میں میں سادگی سے ہوئی تھی اور 9 ماہ 22 روز بعد اس جوڑے کے راستے جدا ہوگئے تھے۔