خبرنامہ پاکستان

عمران خان کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع

عمران خان کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع
اسلام آباد:(ملت آن لائن) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملوں سمیت 4 مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع کر دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ، ایس ایس پی تشدد اور پولیس سٹیشن سے زبردستی کارکنوں کے چھڑانے پرعمران خان کیخلاف درج مقدمات کی سماعت کی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مقدمات میں دہشتگردی کی دفعات شامل کیے جانے کیخلاف درخواست دائر کی جس میں کہا گیا کہ کیا حقوق کے لیے احتجاج کرنا دہشتگردی ہے؟، اپنی سیاسی جماعت کے ہمراہ مطالبات کیلیے احتجاج کیا، دہشتگردی کی دفعات ختم کر کے مقدمہ سیشن کورٹ بھجوایا جائے۔ پراسیکیوٹر نے درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ عمران خان نے کارکنوں کو پولیس افسروں کو مارنے، سرکاری عمارتوں پر حملے کے لیے اکسایا، انکے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، عمران خان پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دس دفعات کا اطلاق ہوتا ہے۔
بابر اعوان نے کہا کہ باقرنجفی رپورٹ کے بعد آدھی پنجاب پولیس کو دہشتگردی مقدمات میں اندر ہو جانا چاہیئے، وزیراعلیٰ، وزیرقانون اور چیف سیکرٹری پر اس قانون کا اطلاق ہوتا ہے، فیض آباد دھرنےمیں حکومت نے معاہدہ کر کے دہشتگردی کے مقدمات ختم کیے، فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ مقدمات ختم نہیں ہوئے، ملزمان نے ضمانت کروائی، تین چار سو افراد کے پاس تو مچلکے ہی نہیں، قائدین جا چکے ہیں اور کارکنان جیل میں پڑے ہیں۔ عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع دیتے ہوئے مقدمہ منتقل کرنے کی درخواست پر پولیس سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا ہے۔