خبرنامہ پاکستان

عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کی تنظیم نو، نئے عہدے داروں کا اعلان

پی ٹی آئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو کے بعد نئے عہدے داروں کا اعلان کر دیا گیا.

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی منظوری پر تنظیمی سیٹ میں تبدیلیاں کرتے ہوئے نئے عہدے دار مقرر کیے گئے.

نئی تقرریوں کے مطابق اعجاز چوہدری کو پی ٹی آئی کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے. ساتھ ہی شمالی، وسطی، مغربی پنجاب کے نئے ریجنل صدور کا اعلان بھی کر دیا گیا.

غلام سرور خان پی ٹی آئی مغربی پنجاب کے صدر مقرر کیے گئے ہیں، عمر ڈار کو وسطی پنجاب کی قیادت کی ذمہ داری سونپ دی گئی، انجینئر عطااللہ شادی خیل پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر کا عہدہ سونپا گیا ہے.

پارٹی سربراہ عمران خان کی منظوری کے بعدمذکورہ تبدیلیوں کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا.

عمران خان کی ہدایت تھی کہ حکومتی عہدے رکھنے والوں کے بجائے پارٹی ورکرزکو اہم عہدے دیے جائیں، تاکہ وہ تنظیم سازی پر اپنی توجہ مرکوز کر سکیں.

ان تبدیلیوں سے متعلق پارٹی سیکرٹری جنرل ارشد داد کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نچلی سطح تک خود کو منظم کرے گی.