خبرنامہ پاکستان

عمران خان کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سماعت19 مارچ تک ملتوی

عمران خان کے خلاف انتخابی

عمران خان کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سماعت19 مارچ تک ملتوی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق چئیرمین تحریک انصاف اور ن لیگی رہنماؤں کے خلاف کیسز پر سماعت انیس مارچ تک ملتوی کردی۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے چئیرمین تحریک انصاف کی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کی سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل ایڈوکیٹ شاہد گوندل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، ایڈووکیٹ شاہد گوندل نے کمیشن کو بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے اسٹے آرڈر جاری کر رکھا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں آٹھ مارچ کو ضابطہ اخلاق سے متعلق کیس کی سماعت ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ میں آپ کا کیس کب تک ختم ہوگا؟ جس پر ایڈووکیٹ شاہ گوندل نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں ہم اپنے دلائل مکمل کر چکے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے کہ انیس مارچ کو دلائل سن کر ضابطہ اخلاق کیس پر فیصلہ سنائیں گے۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت 19 مارچ تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ عمران خان نے این اے تریسٹھ جہلم اور این اے ایک سو چونسٹھ ساہیوال کے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔ لاہور کے حلقہ این اے ایک سو بیس کے ضمنی انتخابات میں ن لیگی رہنماؤں کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے کیس کی سماعت بھی انیس مارچ تک ملتوی کردی گئی۔ مسلم لیگ ن کے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر،پرویز رشید،طلال چوہدری،بلال یاسین اور دیگر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔